بنگلورو۔28؍اکتوبر(ایس او نیوز) ریاستی وزیر صنعت آر وی دیش پانڈے نے کہا کہ اگلے اسمبلی انتخابات کے بعد ایک بار پھر سدرامیا ریاست کے وزیر اعلیٰ بنیں گے اور ریاست کو ترقی کی جانب آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔آج کلبرگی میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پارٹی کی ہدایت کے مطابق 2018 کے اسمبلی انتخابات سدرامیا کی قیادت میں ہی ہوں گے اور انتخابات کے بعد یقیناً وہی وزیر اعلیٰ ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ پچھلے ساڑھے چار سال کے دوران ریاستی عوام کی فلاح کیلئے فکرمندی کے ساتھ منصوبے لاگو کرتے ہوئے پارٹی کو مضبوط کرنے میں کلیدی رول اداکرنے والے سدرامیا اگر ایک اور میعاد کیلئے وزیر اعلیٰ بنے رہیں تو اس میں حرج کیا ہے؟۔ اس سوال پر کہ کیا وہ عہدۂ وزیر اعلیٰ کے دعویداروں میں شامل ہیں؟۔ دیش پانڈنے کہاکہ سیاسی میدان میں تو امنگوں کا ہونا بھی لازمی ہے، موقع اگر ملتا ہے تو وہ بھی ریاست کے وزیر اعلیٰ بننے کیلئے تیار ہیں، لیکن پارٹی اعلیٰ کمان کی طرف سے اگر سدرامیا کو موقع دیاگیا ہے تو اس کی پابندی کی جائے گی۔ان کی قسمت میں اگر وزیر اعلیٰ بننا لکھا ہے تو ایک نہ ایک دن وہ ضرور بنیں گے۔ایم کے گنپتی کی خودکشی کے معاملے میں وزیر ترقیات بنگلور کے جے جارج کے استعفیٰ کی مانگ کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے دیش پانڈے نے کہاکہ اس ضمن میں وزیر اعلیٰ سدرامیا نے جو فیصلہ لیا ہے وہ درست ہے، صرف ایف آئی آر درج ہونے کی بنیاد پر اگر استعفے دینے کا سلسلہ چل پڑا تو پورا ودھان سودھا خالی ہوجائے گا، ساتھ ہی مرکزی حکومت کے متعدد وزراء بھی گھر میں بیٹھ جائیں گے۔ بی جے پی اگر جارج کا استعفیٰ لینا چاہتی ہے تو پہلے ان لوگوں کو عہدے چھوڑ دینے کی ہدایت دیں بعد میں جارج بھی مستعفی ہوجائیں گے۔